مسلح افواج نے جنگ میں بھارت کو وہ سبق سکھایا جسے پوری زندگی یاد رکھے گا، وزیراعظم
مظفر آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا بھارت کے خلاف جنگ میں قوم کے کردار کی تعریف، نوجوانوں کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم کی اہمیت پر زور
مظفر آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جنگ کے دوران پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی اور دعا کی کہ افواج دشمن کو سبق سکھائیں، جس میں انہوں نے افواج کی کامیابی کو سراہا۔
مظفر آباد میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کو دنیا کے نقشے پر عظیم مقام دلانا ہمارا عزم ہے اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور شبانہ روز جدوجہد کے ذریعے پاکستان کو ایک عظیم مملکت بنانا ہے اور صلاحیت و محنت کسی جسمانی کمزوری کی محتاج نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بعض عناصر نے لیپ ٹاپ اسکیم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے رشوت قرار دیا، حالانکہ نواز شریف کے دور میں لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے اور ایک بھی سفارش پر نہیں دیا گیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ لیپ ٹاپ کوئی عام مشین نہیں بلکہ ایک وژن ہے جو نوجوانوں کو ترقی کی راہ دکھاتا ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر میں 4 دانش اسکولوں کی منظوری دی گئی ہے اور حکومت نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، عظمت اور خوشحالی کے لیے خطے کے لوگوں نے عظیم قربانیاں دیں اور لیپ ٹاپ اسکیم محض ایک پروگرام نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کا وژن ہے۔






