عمران خان ذاتی مفاد کے لیے کسی حد تک جا سکتے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے ذاتی مفاد کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں اور ان کی سیاست میں مذاکرات کی گنجائش موجود نہیں۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم مسلسل پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اللہ کرے یہ مذاکرات مثبت اور نتیجہ خیز ثابت ہوں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لیڈر کے سیاسی ڈی این اے میں مذاکرات شامل نہیں ہیں اور عمران خان نے پوری زندگی اول و آخر اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ مذاکرات ہمیشہ کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر ہوتے ہیں، لیکن عمران خان کسی اصول کے پابند نہیں۔ ان کے بقول عمران خان 200 فیصد مفاد پرست ہیں اور ہر معاملے میں صرف اپنے ذاتی فائدے کو دیکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ذاتی منفعت کے لیے اصولوں اور انسانی رشتوں تک کو روندنے سے گریز نہیں کرتے۔






