پاک بھارت جنگ میں ڈیجیٹل میڈیا کا کردار اہم، فیک نیوز کی حوصلہ شکنی ضروری ہے: عطاء اللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران ڈیجیٹل میڈیا نے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا، تاہم منفی پروپیگنڈے، فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کی حوصلہ شکنی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز اور مس انفارمیشن جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ذرائع ابلاغ بالخصوص ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینا ناگزیر ہے۔
اسلام آباد میں سی پیک میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور دونوں ممالک میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور چین کی دوستی کو تاریخی، مثالی اور لازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے نہ صرف پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا بلکہ اس کے مثبت معاشرتی اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جو مختلف ممالک کو باہم جوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ دور میں ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز کے درمیان فرق کو پہچاننا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، جس کے لیے ذمہ دار صحافت اور ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل پاکستان ٹی وی کی بنیاد رکھی گئی ہے تاکہ پاکستان کی درست اور مستند آواز دنیا تک پہنچائی جا سکے۔






