اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش کا عمران خان نے کبھی مثبت جواب نہیں دیا وہ صرف انتشار کی سیاست چاہتے ہیں، رانا ثنا اللہ

سیاست ڈیڈلاک سے نہیں، بات چیت اور ڈائیلاگ سے آگے بڑھتی ہے، رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سیاست اور جمہوریت ڈیڈلاک، تصادم اور محاذ آرائی سے نہیں بلکہ بات چیت اور ڈائیلاگ سے آگے بڑھتی ہے، اور تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو مسائل کے حل کے لیے آپس میں بیٹھنا چاہیے۔

اپنے ایک بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ چارٹر آف ڈیموکریسی اور چارٹر آف اکانومی کے لیے کوشش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ کابینہ اجلاس میں بھی واضح کیا کہ حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے، جبکہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو چار مرتبہ مذاکرات کی دعوت دی جا چکی ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی چار سال اقتدار میں رہے لیکن اپنے دور حکومت میں کبھی اپوزیشن سے مذاکرات نہیں کیے۔ ان کا مؤقف رہا کہ وہ نہ این آر او دیں گے اور نہ ہی ہاتھ ملانے یا ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہیں، اور آج بھی وہ مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست نہیں بلکہ محاذ آرائی کی، نہ ہی اپنے دور حکومت میں سیاسی رویہ اپنایا۔ ان کی پالیسی میں بات چیت اور مسائل کا حل شامل نہیں بلکہ فتنہ، فساد اور انارکی کو فروغ دیا گیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ اور علیمہ خان کے بیانات بھی بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کا تسلسل ہیں، اور بانی پی ٹی آئی آج بھی اپنی جماعت کو پیغامات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25 مئی 2022، 9 مئی اور 26 نومبر 2024 کے واقعات اسی پالیسی کا تسلسل تھے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر ملاقاتوں کو کنٹرول نہ کیا جاتا تو رواں سال بھی فتنہ و فساد اور افراتفری پھیلانے کا ارادہ تھا، جبکہ ان کی منصوبہ بندی تصادم، انتشار اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اصل مسائل سے توجہ ہٹانا بانی پی ٹی آئی کی طے شدہ پالیسی ہے اور 8 فروری 2026 کو پہیہ جام ہڑتال کی بات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ان کے مطابق فتنہ و فساد کو آہنی ہاتھوں سے روکا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف ایک سینئر سیاستدان ہیں جن کا طویل سیاسی سفر ہے اور انہوں نے ہمیشہ قومی سیاست میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تمام فریقین ٹیبل پر بیٹھ کر بات چیت کریں گے تو ہی ملک کو آگے بڑھنے کا راستہ ملے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button