اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

پی آئی اے کی نجکاری: بولی کا پہلا مرحلہ مکمل، تین پری کوالیفائیڈ بڈرز نے بولی جمع کرا دی

قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں بولی کے پہلے مرحلے میں تین پری کوالیفائیڈ بڈرز نے اپنی بولیاں جمع کر دی ہیں۔ آج ساڑھے تین بجے ان بولیوں کو کھولا جائے گا۔

نجکاری کے عمل میں لکی سیمنٹ کنسورشیم نے سب سے پہلے اپنی بڈ جمع کرائی، اس کے بعد ایئربلو گروپ کے نمائندے اور عارف حبیب کنسورشیم نے بھی اپنی بولیاں جمع کرائی ہیں۔

اگر بولیاں ریزرو پرائس سے زیادہ ہوتی ہیں، تو کھلی نیلامی ہوگی۔ تاہم، اگر سب سے زیادہ بولی ریزرو پرائس کے مطابق نہیں ہو پاتی، تو کامیاب بولی دہندہ کو قیمت میچ کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز فروخت کرنے کا منصوبہ ہے، اور کامیاب بولی دہندہ کو باقی 25 فیصد حصص خریدنے کے لیے 90 دن کی مہلت دی جائے گی۔

گزشتہ سال حکومت نے پی آئی اے کے 654 ارب روپے کے واجبات اپنے ذمے لے لیے تھے، اور اس کے بعد پی آئی اے کے انگلینڈ اور یورپ کے روٹس بحال ہو چکے ہیں۔ اس بار پی آئی اے کی نجکاری زیادہ پُرکشش دکھائی دے رہی ہے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق، فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے بولی کے عمل سے دستبرداری اختیار کر لی ہے، جس کے بعد پی آئی اے کی نجکاری کی دوڑ میں اب صرف تین پری کوالیفائیڈ گروپ باقی رہ گئے ہیں۔ ان میں ایئر بلیو کے علاوہ لکی سیمنٹ اور عارف حبیب کارپوریشن کی قیادت میں دو کنسورشیم بھی شامل ہیں۔

نجکاری کمیشن کے حکام کے مطابق، 75 فیصد حصص کی قیمت کا 92.5 فیصد پی آئی اے میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال ہوگا، جبکہ باقی ساڑھے سات فیصد رقم حکومت کو منتقل کی جائے گی۔

مزید برآں، ممکنہ سرمایہ کار کو پی آئی اے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اگلے پانچ سال کے دوران 80 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔ اس سرمایہ کاری میں ایوی ایشن، کارگو بزنس، ٹریننگ ونگ اور کچن بزنس شامل ہوں گے۔

پی آئی اے کے ملازمین کو ایک سال تک ملازمت کا تحفظ دیا جائے گا، اور پنشن اور ریٹائرمنٹ کے بعد کی مراعات ہولڈنگ کمپنی کے ذمے ہوں گی۔ نئے مالکان موجودہ ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات کے ذمہ دار ہوں گے۔ ادارے کے مالی استحکام کے لیے فوری سرمایہ کاری اور پیشہ ورانہ انتظام کی ضرورت ہوگی۔

یہ تمام اقدامات پی آئی اے کے مستقبل کی مضبوطی اور اس کی مالی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button