جو پی ٹی آئی لیڈر مذاکرات کی بات کرتا ہے وہ عمران خان کیساتھ نہیں ہے: علیمہ خان
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی بات کرنے والا پی ٹی آئی کا ساتھی نہیں ہو سکتا
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ جو شخص پارٹی میں مذاکرات کی بات کرتا ہے، وہ نہ تو عمران خان کا ساتھی ہے اور نہ ہی وہ پی ٹی آئی کا حصہ ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے واضح کیا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا کی قیادت کو اسٹریٹ موومنٹ کا پیغام دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے دو روزہ کانفرنس کے اعلامیے سے وہ بے خبر ہیں اور ان کو اس کا علم نہیں ہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے گزشتہ سال 22 نومبر کو پرامن احتجاج کی کال دی تھی، اور ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے عمران خان کا پیغام عوام تک پہنچایا۔
انہوں نے توشہ خانہ کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس بوگس ہے اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ علیمہ خان کے مطابق، عمران خان نے پرسوں بھی قوم کو پیغام بھیجا تھا کہ وہ شہادت قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ عمران خان کو 11 کتابیں بھیجی گئی تھیں، جس پر جج صاحب نے کہا کہ 9 کتابیں ان تک پہنچ چکی ہیں۔






