اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز عطا

ریاض: چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز عطا کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی و عسکری تعاون، اسٹریٹجک اشتراکِ عمل اور بدلتے ہوئے جغرافیائی چیلنجز شامل تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق بھی کی۔

دورے کے دوران خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے فرمان کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مملکتِ سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس عطا کیا گیا۔ یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نمایاں عسکری خدمات، پیشہ ورانہ قیادت اور اسٹریٹجک کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے مرکزی کردار کو بھی سراہا گیا۔ یہ اعزاز علاقائی امن و استحکام، بالخصوص انسدادِ دہشت گردی اور سلامتی کے شعبے میں ان کی خدمات کا بھی اعتراف ہے۔

سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اسٹریٹجک وژن کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے عزم کو سراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعزاز پر خادم الحرمین شریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط اور دیرپا تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس کا عطا کیا جانا دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی اور علاقائی و عالمی امن کے فروغ کے لیے مشترکہ اسٹریٹجک تعاون کے عزم کو نمایاں کرتا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button