عوام کی آزادی لے کر رہوں گا ورنہ شہادت کے لیے تیار ہوں، عمران خان
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور عوام کی آزادی لے کر رہیں گے یا شہادت کے لیے تیار ہیں۔
خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور وکلا کے مطابق ان کے ٹرائل کے حوالے سے ایسا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے تحت نہ صرف فیملی کو کورٹ روم تک رسائی نہیں ہوگی بلکہ جج بھی ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات موجود ہیں جن میں بانی پی ٹی آئی کو فئیر اور اوپن ٹرائل کا حق دینے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم اس کے برعکس منگل اور جمعرات کو ہونے والی ملاقاتیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ترجمان کی جانب سے ملاقاتوں کی اجازت کے دعوے سراسر جھوٹ ہیں۔
سلمان اکرم راجا کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ انصاف کے تمام دروازے بند کر دیے گئے ہیں، عدالتوں میں ان کے مقدمات نہیں سنے جا رہے اور عدالتی نظام مفلوج ہو چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ اب عوام کو اپنے حقوق کے لیے خود سڑکوں پر نکلنا ہوگا، کیونکہ احتجاج کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔ عمران خان نے تمام سیاسی اسیران، بالخصوص خواتین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کی ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی اپنے وکیل سلمان صفدر سے مختصر ملاقات ہوئی، جبکہ فیصلہ سناتے وقت نہ عمران خان کو پیش کیا گیا اور نہ ہی ان کے وکلا موجود تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت دی ہے اور واضح کیا ہے کہ اب کوئی اور آپشن باقی نہیں رہا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قید پر بھی شدید تحفظات رکھتے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ انہیں صرف اہلیہ ہونے کی بنیاد پر جیل میں رکھا گیا ہے۔






