اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستانی حج مشن کو سعودی عرب سے بڑا اعزاز، ایکسیلنسی ایوارڈ سے نوازا گیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کے حج انتظامات پر سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے پاکستان کو "ایوارڈ آف ایکسیلنسی” سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز پاکستانی حج مشن کو سات بہترین مشنز میں پہلے نمبر پر آنے کے اعتراف میں دیا گیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے رواں سال عازمینِ حج کو مثالی سہولیات فراہم کیں، جسے نہ صرف سعودی حکام نے سراہا بلکہ زائرین نے بھی بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ہم تمام عازمینِ حج اور اس میں معاون عملے کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔”

وفاقی وزیر نے بتایا کہ سعودی عرب نے ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کی میزبانی کی۔ انہوں نے سعودی حکومت، بالخصوص خادمِ حرمین شریفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون کے بغیر یہ کامیاب حج ممکن نہ ہوتا۔

مزید تفصیلات بتاتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ منیٰ میں ایئرکنڈیشنڈ خیمے، صوفہ کم بیڈز، معیاری کھانے، تازہ پھل اور ٹھنڈا پانی فراہم کیا گیا۔ حاجیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے رہائش کو بھی زیادہ آرام دہ بنایا گیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث حج فلائٹ آپریشن عارضی طور پر متاثر ہوا، لیکن اس کے باوجود مجموعی حج انتظامات مثالی اور کامیاب رہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button