اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

عمران خان اور بشری بی بی کی سزا کا آغاز کب سے ہوگا؟ تاریخ سامنے آگئی

راولپنڈی — توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سنائی گئی سزا پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے، جب کہ دونوں کی سزا کا باقاعدہ آغاز آج سے ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی تمام کاغذی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔ بشریٰ بی بی اس کیس میں ضمانت پر تھیں، تاہم فیصلے کے بعد ان کی ضمانت ختم تصور کی جائے گی۔

جیل ذرائع کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی پہلے ہی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کاٹ رہے تھے، اب توشہ خانہ ٹو کیس کی سزا بھی آج سے شمار کی جائے گی۔

قبل ازیں اسپیشل جج سینٹرل ارجمند شاہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کو 17، 17 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق استغاثہ اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا اور دونوں ملزمان جرم کے مرتکب پائے گئے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دفعہ 409 کے تحت 10 سال قید جبکہ انسدادِ رشوت ستانی ایکٹ کے تحت 7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

اسی طرح بشریٰ بی بی کو بھی مجموعی طور پر 17 سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ عدالت نے دونوں مجرمان پر فی کس 1 کروڑ 64 لاکھ 25 ہزار 650 روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جس کی عدم ادائیگی پر مزید 6، 6 ماہ قید کی سزا ہوگی۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر زیادہ ہونے اور بشریٰ بی بی کے خاتون ہونے کے پیش نظر کم سے کم سزا سنائی گئی، جبکہ دونوں کے عرصۂ حوالات کو بھی سزا میں شامل کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے 13 جولائی 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے گرفتار کیا تھا۔ دونوں 37 روز تک نیب کی تحویل میں رہے، تفتیش مکمل ہونے کے بعد نیب نے 20 اگست کو احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button