اہم خبریںتازہ تریندنیا

آسٹریلیا: یہودی تقریب پر حملے کے بعد سیکیورٹی الرٹ، مزید 7 افراد حراست میں

آسٹریلیا کی پولیس نے یہودی تقریب پر ہونے والے حملے اور بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے خدشات کے تناظر میں مزید 7 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق حملے کے دوران ایک حملہ آور پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا تھا، جبکہ اس کا بیٹا شدید زخمی حالت میں زیرِ علاج ہے اور پولیس کی تحویل میں ہے۔ ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا تھا کہ اس حملے میں صرف باپ اور بیٹا ملوث تھے اور کسی تیسرے فرد کے شامل ہونے کے شواہد نہیں ملے تھے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد ذاتی طور پر داعش کے نظریات سے متاثر تھے۔

تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس نے سڈنی کے جنوب مغربی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے مزید 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق یہ کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جس میں دو گاڑیوں میں سوار مشکوک افراد کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کسی ممکنہ پرتشدد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور بانڈی بیچ کی جانب جا رہے تھے۔ تاہم فوری طور پر ان گرفتار افراد کا حالیہ بانڈی بیچ ہنوکا حملے سے کوئی براہِ راست تعلق سامنے نہیں آیا۔

اسکائی نیوز کے مطابق گرفتار کیے گئے ساتوں افراد میلبورن سے روانہ ہوئے تھے اور ان کا سفر تقریباً نو گھنٹوں پر محیط تھا، تاہم بانڈی بیچ جانے کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔

پولیس نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں ان افراد اور بانڈی بیچ پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کے درمیان کسی قسم کے تعلق کے شواہد نہیں ملے، تاہم سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تحقیقات جاری ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button