فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا لیبیا کا سرکاری دورہ، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
طرابلس: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر لیبیا پہنچے جہاں انہوں نے لیبیا کے آرمی چیف فیلڈ مارشل خلیفہ بلقاسم حفتر اور ڈپٹی کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کے مسائل اور دفاعی و فوجی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تربیت، صلاحیت سازی اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں ممالک نے عسکری سطح پر روابط بڑھانے، تربیت اور صلاحیت سازی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی جانب سے لیبیا کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کو دہرایا۔
فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے استقبال کے موقع پر لیبیا کے مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔






