پاکستان میں فائیو جی لانچنگ قریب، پی ٹی اے نے نیلامی کے لیے اصولی فیصلہ کر لیا
اسلام آباد: پاکستان میں فائیو جی سروس کے آغاز کے حوالے سے بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے رمضان سے قبل فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے سماء سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں فائیو جی سروس کا اجرا اب دور نہیں، فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور رمضان سے پہلے حکومت سے درخواست کی جائے گی۔
چیئرمین پی ٹی اے نے مزید کہا کہ انفارمیشن میمورنڈم (Information Memorandum) آئندہ 10 سے 15 روز میں جاری کر دیا جائے گا، جس کے اجرا کے بعد ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس 45 دن ہوں گے۔ اگر انفارمیشن میمورنڈم یکم جنوری تک جاری ہوتا ہے تو 15 فروری کو فائیو جی کی نیلامی ممکن ہو سکے گی۔
پی ٹی اے کے اس اقدام سے ملک میں جدید ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور صارفین کو تیز انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔






