امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی قیادت میں امریکا نے صرف 10 ماہ کے دوران 8 جنگیں رکوائیں اور وہ کارنامہ انجام دیا جو کسی نے نہیں کر سکا۔
واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک سال پہلے امریکا ناکامیوں کے دہانے پر کھڑا تھا اور عملی طور پر مردہ تھا، لیکن ایک سال میں ان کی انتظامیہ نے ایسی کامیابیاں حاصل کیں جو ماضی میں کسی کے حصے میں نہیں آئیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ سابق صدر جو بائیڈن کی پالیسیاں دوبارہ نافذ نہیں ہونے دی جائیں گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بائیڈن دور میں غیرقانونی تارکین وطن نے امریکی شہریوں کی نوکریاں لے لیں، جبکہ ان کی انتظامیہ میں پیدا ہونے والی تمام نئی ملازمتیں امریکا میں پیدا ہونے والے شہریوں کو فراہم کی گئی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے بھاری مینڈیٹ ملا ہے اور ان کی حکومت نے امریکا میں غیرقانونی آمدورفت کا سلسلہ بند کر دیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ نے منشیات کی اسمگلنگ کو زمین اور سمندر کے راستے 94 فیصد تک کم کر دیا ہے، جو ایک بڑی کامیابی کے طور پر پیش کی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ کے خطاب کو ان کی پالیسیوں کے دفاع اور امریکی عوام کو اپنی انتظامیہ کی کارکردگی سے مطمئن کرنے کے لیے ایک اہم موقع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔






