مدینہ منورہ — سرزمینِ مدینہ پر جمعرات کے روز موسلا دھار بارش کا نزول ہوا، جس نے مقدس شہر کو بارانِ رحمت سے معطر کر دیا۔ بارش کے روح پرور مناظر نے مسجد نبوی ﷺ کے صحن اور اطراف کو ایمان افروز منظر میں بدل دیا۔
بارش کے دوران زائرین نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ دعاؤں میں مشغول نظر آئے۔ کسی کے لبوں پر شکر کے کلمات تھے تو کوئی آنکھوں سے عقیدت کے آنسو بہاتا ہوا دعاؤں کی قبولیت کا طلب گار تھا۔ مسجد نبوی ﷺ کے صحن میں بارش کے قطرے جب زمین سے ٹکرائے تو فضا میں ایک عجیب سی روحانیت بھر گئی، جو ہر دل کو چھو لینے والی تھی۔
زائرین نے اس نورانی لمحے کو تصویروں اور ویڈیوز کے ذریعے محفوظ کیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ بہت سے زائرین نے اس لمحے کو اپنی زندگی کا "یادگار ترین لمحہ” قرار دیا۔
بارش کے بعد مدینہ منورہ میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ ٹھنڈی ہواؤں نے شہر کی فضا کو مزید دلکش بنا دیا۔





