ملک میں مغربی ہواؤں کی آمد متوقع، بارش اور برفباری کی پیشگوئی
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک میں مغربی ہواؤں کے داخلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی نوید سنا دی ہے۔ اس حوالے سے موسمی ایڈوائزری بھی جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع جن میں لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان، قصور، خانیوال، خانپور، کوٹ ادو، لیہ اور بھکر شامل ہیں، وہاں دھند رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور موہنجوداڑو میں دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر دھند رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں برفباری کے باعث موسم مزید سرد ہو سکتا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خدشہ بھی موجود ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔






