برطانیہ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے شہریوں کے لیے افغانستان کا سفر کرنے سے متعلق سخت انتباہ جاری کر دیا ہے۔ برطانوی دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود یا وہاں جانے والے برطانوی شہریوں کو گرفتاری، طویل حراست اور دیگر سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
برطانوی وزارتِ خارجہ کے مطابق افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال بدستور غیر یقینی ہے اور غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے خدشات بھی موجود ہیں۔ اس حوالے سے دفترِ خارجہ نے برطانوی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ افغانستان کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا پہلے سے وہاں موجود ہیں تو ممکنہ خطرات کا سنجیدگی سے جائزہ لیں۔
برطانوی حکام نے افغانستان میں مقیم اپنے شہریوں کو جلد از جلد ملک چھوڑنے کی بھی تلقین کی ہے، جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ کسی ہنگامی صورتحال کی صورت میں برطانوی سفارتی مدد محدود ہو سکتی ہے۔
دفترِ خارجہ کے انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان میں غیر ملکی شہریوں کو مکمل قانونی تحفظ حاصل نہیں، اور بغیر کسی واضح وجہ کے گرفتاری یا حراست کا خطرہ موجود رہتا ہے۔






