اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دوٹوک پیغام: پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا

اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے دوران واضح کیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے والی کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ اور غیر متوقع طور پر سخت جواب دیا جائے گا۔

نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس مکمل کرنے والے افسران سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے بدلتے ہوئے جنگی رجحانات، ہائبرڈ اور غیر روایتی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ذہنی تیاری، عملی فہم اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت پر زور دیا۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مستقبل کی مؤثر قیادت کی تیاری میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

فیلڈ مارشل نے بھارت کی جانب سے آپریشن سندور کی ناکامی اور اس کے بعد کی غیر منطقی توجیہات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سب بھارت کی آپریشنل تیاری اور اسٹریٹجک گہرائی کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب حکمت عملی اور مؤثر اقدامات کے باعث بھارت کو ہر سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بیرونی تعاون کے الزامات بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہیں، اور درحقیقت یہ الزامات پاکستان کی جنگی کامیابی کو تسلیم نہ کرنے کی بھارتی ہچکچاہٹ کا مظہر ہیں۔ فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ بھارت کا خود ساختہ "نیٹ سیکیورٹی پروائڈر” بننے کا خواب خطے میں اس کے جارحانہ رویے اور ہندوتوا نظریات کے باعث حقیقت سے بہت دور ہے۔

عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، باہمی احترام اور اصولی سفارتکاری کو ترجیح دی ہے، اور خود کو ایک ذمہ دار نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر منوایا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے شہری و عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا جواب نہ صرف شدید بلکہ سوچ سے زیادہ سخت ہوگا، اور اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔

فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ جنگیں میڈیا پر بیان بازی یا نعرے بازی سے نہیں، بلکہ یقین، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فارغ التحصیل افسران کو دیانت، بے لوث خدمت اور عزم پر ثابت قدم رہنے کی تلقین کی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button