اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو انتقال کر گئے

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو انتقال کر گئے۔ ان کی وفات پر سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق میاں منظور احمد وٹو وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی وزیر امور کشمیر کے عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے تھے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ کل بروز بدھ 17 دسمبر کو دن 2 بجے حویلی وساوے والا، اوکاڑہ میں ادا کی جائے گی۔

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں پارٹی قیادت اور کارکنان سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم میاں منظور احمد وٹو کی آخری منزلیں آسان فرمائے۔

میاں منظور احمد وٹو نے 1993 میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔ ان کا سیاسی سفر مختلف جماعتوں پر مشتمل رہا۔ وہ 1985 سے 1993 تک پاکستان مسلم لیگ میں شامل رہے، 1993 سے 1995 تک مسلم لیگ جونیجو، 1995 سے 2002 تک پاکستان مسلم لیگ جناح، 2002 سے 2008 تک پاکستان مسلم لیگ (ق)، اور 2008 سے 2018 تک پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے۔

بعد ازاں وہ 2018 سے 2020 تک پاکستان تحریک انصاف میں شامل رہے، جبکہ 2020 کے بعد انہوں نے دوبارہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button