سڈنی، آسٹریلیا: آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے سڈنی کے اسپتال میں مسلمان ہیرو احمد سے ملاقات کی، جس نے حالیہ سڈنی حملے کے دوران دہشت گرد کو قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، "احمد آپ پورے آسٹریلیا کے ہیرو ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ احمد اور ان کے والدین شاندار اقدار کی نمائندگی کرتے ہیں اور دہشت گردی ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کرتی ہے، لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔
انتھونی البانیز نے بتایا کہ کارروائی باپ اور بیٹے نے اکیلے کی، بیٹا ابھی کوما میں ہے، اور حملے میں کسی تیسرے ملزم یا منظم سیل کے شواہد نہیں ملے۔ حملے میں ملوث باپ بیٹے کو انتہا پسند نظریات نے متاثر کیا تھا۔
دوسری جانب ہیرو احمد کے لیے انعامات کی بارش جاری ہے۔ امریکی تاجر ولیم ایک مین نے 65 ہزار امریکی ڈالر کا عطیہ دیا، جبکہ اب تک تقریباً 11 لاکھ امریکی ڈالرز سے زائد چندہ جمع ہو چکا ہے۔ احمد کی مدد کے لیے آن لائن چندہ مہم بھی جاری ہے، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد فعال حصہ لے رہی ہے۔






