ہانیہ عامر کا لکس اسٹائل ایوارڈز میں نیا لُک، سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع
پاکستان کی مقبول اداکارہ اور فلم اسٹار ہانیہ عامر نے حال ہی میں لکس اسٹائل ایوارڈز میں شرکت کی، جہاں ان کے مختلف انداز اور اسٹائل نے ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
ہانیہ عامر انسٹاگرام پر 19.2 ملین سے زائد فالوورز رکھتی ہیں اور وہ اس وقت اپنے ڈرامہ سیریل میری زندگی ہے تو کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ انہوں نے فلموں جنان اور نامعلوم افراد 2 سے شہرت حاصل کی، جبکہ ان کے مقبول ڈراموں میں تتلی، دلربا، عشقیا، میرے ہمسفر، کبھی میں کبھی تم اور مجھے پیار ہوا تھا شامل ہیں۔
گزشتہ چند برسوں میں ہانیہ عامر اپنی قدرتی خوبصورتی کے باوجود مبینہ کاسمیٹک پروسیجرز کے باعث بھی خبروں کی زینت بنی رہی ہیں۔
معروف ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر سمن ذیشان نے ہانیہ عامر کی حالیہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے چہرے میں نظر آنے والی تبدیلیوں کی نشاندہی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہانیہ کا چہرہ پہلے کے علاج شدہ لُک سے مختلف دکھائی دے رہا ہے، جس پر سوال اٹھایا گیا کہ یہ تبدیلی فیشل فلرز کی وجہ سے ہے یا محض نیا اسٹائل اور میک اپ۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے اس معاملے پر رائے دی۔ بعض صارفین نے کہا کہ ہانیہ عامر نے چِن اور گالوں میں مزید فلرز کروائے ہیں، جبکہ کچھ نے کہا کہ وہ قدرتی طور پر خوبصورت ہیں مگر اب حد سے زیادہ تبدیلیاں کر رہی ہیں۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ تازہ فلرز کی وجہ سے ان کے چہرے پر ہلکی سوجن نظر آ رہی ہے، جسے سیٹل ہونے میں وقت لگتا ہے۔
کچھ صارفین نے ان کے نئے لُک کا موازنہ کورین اداکاراؤں سے کیا، جبکہ دیگر نے کہا کہ زیادہ فلرز، نامناسب میک اپ اور لباس نے ان کی مجموعی شخصیت پر اثر ڈالا ہے۔ تاہم چند افراد نے یہ بھی رائے دی کہ چہرے میں فرق سیاہ بالوں اور نئے اسٹائل کی وجہ سے محسوس ہو رہا ہے۔
ہانیہ عامر کے فیشن اور اسٹائل کے حوالے سے یہ تازہ بحث اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی ہر نئی ظاہری تبدیلی میڈیا اور عوام کی توجہ کا مرکز بنتی ہے۔






