اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، 1 لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کا تاریخی سنگِ میل عبور، مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال

رواں ہفتہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے لیے یادگار ثابت ہوا، جہاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کا سنگِ میل عبور کر لیا اور تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔

آئی ایم ایف سے قسط کی وصولی، گردشی قرضہ ختم کرنے کے لیے سرکلر ڈیٹ پلان کے تحت ادائیگیوں کا آغاز اور ریکوڈک منصوبے میں سوا ارب ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری کی منظوری جیسی بڑی مثبت خبروں نے پورے ہفتے مارکیٹ پر گہرا اثر ڈالا۔ ان عوامل کے باعث اسٹاک مارکیٹ نے دس ہفتے بعد بلند ترین سطح کا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

ہنڈریڈ انڈیکس میں ہفتہ وار بنیاد پر 1.7 فیصد یعنی 2780 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو پانچ کاروباری دنوں میں 167085 پوائنٹس سے بڑھ کر 169864 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ہفتے کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس کی بلند ترین سطح 170697 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 167386 پوائنٹس رہی۔

کاروباری ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 5 ارب 27 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے، جن کی مجموعی مالیت 248 ارب روپے رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جو ہفتہ وار بنیاد پر 282 ارب روپے بڑھ کر 19 ہزار 321 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

ماہرین کے مطابق معاشی استحکام، غیر ملکی سرمایہ کاری اور مالیاتی اصلاحات کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، جس کے مثبت اثرات آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button