اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، اڈیالہ کا قیدی بانی متحدہ پارٹ 2 بن چکا ہے: عظمیٰ بخاری
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کی دیواروں نے بانی پی ٹی آئی کو ’’ذہنی مریض‘‘ بنا دیا ہے اور وہ بانی ایم کیو ایم پارٹ 2 کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے دورِ حکومت میں مخالفین کو دھمکیاں دیتے تھے اور ملک کو دیوالیہ کرنے کے لیے ہر ممکن حربہ استعمال کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’’پاکستان کے لیے ہر اچھی خبر فتنہ فساد کے لیے بری خبر ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ دھمکیاں دینے والا آج جیل میں بیٹھ کر مظلوم بننے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی ذہنی صحت کا معائنہ کرانا ضروری ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی ’’پاکستان کے خلاف بھارتی میڈیا استعمال کر رہے ہیں‘‘۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی طبیعت ناساز ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں، ’’وہ ہٹا کٹا ہے اور باہر سے فرائی فش بھی منگوا کر کھاتا ہے‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ نمل یونیورسٹی اب بھی چندے پر چل رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما سہیل آفریدی کو معلوم ہی نہیں 53 سو ارب ہوتے کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ رقم کرپشن میں گئی، لیکن پھر بھی پی ٹی آئی رہنما جلسوں میں بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ’’فتنہ خان کی سیاست اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے‘‘۔ بانی پی ٹی آئی پہلے بھی اور آج بھی پاکستان کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو دوسروں کا اے سی اتروا دیتے تھے، آج خود کو مظلوم ظاہر کر رہے ہیں، جبکہ ’’یہ سب ٹوٹل ڈرامہ ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے بعد بانی پی ٹی آئی اور ان کے حامیوں کو سخت جھٹکا لگا ہے۔ ’’گندے گھناؤنے کردار کے مالک کو مقبول لیڈر کہا جا رہا ہے، جبکہ ان کے جلسے جلوس ختم ہو چکے ہیں‘‘۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات نے آخر میں کہا کہ جیل میں بیٹھا شخص بالکل ٹھیک ہے اور ’’پاکستان کے خلاف کھلواڑ نہیں چل سکتا‘‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ بانی پی ٹی آئی سے دل برداشتہ ہو چکے ہیں۔






