اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

رانا ثناء اللہ کا بڑا دعویٰ: عمران خان مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، پی ٹی آئی کے 80% رہنما اختلافات کا شکار

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہیں اور انہوں نے اپنی جماعت کے کسی بھی رہنما کو بات چیت کی اجازت نہیں دی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے متعدد بار مذاکرات کی پیشکش کی، مگر پی ٹی آئی نے ہر بار انکار کیا جس کی وجہ سے سیاسی کشیدگی کم نہ ہوسکی۔

رانا ثناء اللہ کے مطابق اگر پی ٹی آئی حکومت کی مذاکراتی پیشکش قبول کرلیتی تو ملک میں سیاسی درجہ حرارت نمایاں طور پر کم ہوسکتا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اور ان کی جماعت کے رہنما ایسا مؤقف اختیار کر رہے ہیں جو بھارت کی پالیسی سے ملتا جلتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے تقریباً 80 فیصد رہنما عمران خان کی موجودہ حکمتِ عملی اور طرزِ سیاست سے مطمئن نہیں جبکہ جماعت کے اندر ایک بڑا دھڑا قیادت کے فیصلوں سے اختلاف رکھتا ہے۔

اس سے قبل ایک اور انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے جلسے میں کی جانے والی تقاریر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی حرکات ظاہر کرتی ہیں کہ جماعت اپنے سیاسی انجام کی جانب بڑھ رہی ہے اور پارٹی کی اکثریت اس "پاگل پن” کا حصہ نہیں بنے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم ہونے کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جاسکتا، اور ان کا انجام ایم کیو ایم کی سابق قیادت جیسا بھی ہوسکتا ہے۔

رانا ثناء اللہ کے مطابق آنے والے دنوں میں پاکستان تحریک انصاف اور اڈیالہ تحریک انصاف کے درمیان واضح فرق سامنے آجائے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button