اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

پاکستان کا جواب اگلی بار مزید برق رفتار اور شدید ہوگا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

اسلام آباد: چیف آف دی آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کو کسی قسم کی خود فریبی یا گمان میں نہیں رہنا چاہیے، کیونکہ اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا۔

مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹر کا قیام ایک تاریخی قدم ہے، جو بڑھتے اور بدلتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ملٹی ڈومین آپریشنز کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی پاکستان کی مسلح افواج کی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط اور ہم آہنگ کرے گی۔

فیلڈ مارشل نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشنز کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا، تاہم ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں میں اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ بالا کمانڈ کی یکجہتی کے ساتھ تینوں افواج اپنی اندرونی خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچے کو برقرار رکھیں گی، تاکہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں مزید بہتری آئے۔

چیف آف دیفنس فورسز نے اس موقع پر طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا کہ ان کے لیے پاکستان میں فتنہ یا دہشت گردی کے کسی ایک آپشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔

فیلڈ مارشل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم کسی بھی ملک کو پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت پر آنچ یا ہمارے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آخر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور ایک متحد قوم کے پختہ عزم کی بدولت کی جاتی ہے۔ "پاکستان ہمیشہ زندہ باد!”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button