طلال چوہدری کا پی ٹی آئی پر سخت تنقید، اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں کی جائے گی
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پی ٹی آئی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب انتشار پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ عوام نے پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسے کا اصل حال دیکھ لیا، جو گالم گلوچ اور تنقید کے سوا کچھ نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اداروں پر تنقید اس جماعت کا مستقل وطیرہ ہے، اور جلسے میں پاک فوج کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی لوگ دوسروں کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں اور سابق رہنماؤں کے ذریعے ہر روز ملکی اداروں کے خلاف بے جا تنقید کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ پر تنقید بلیک میلنگ کے لیے کی جا رہی ہے اور یہ لوگ دوبارہ اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
طلال چوہدری نے بانی پی ٹی آئی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی اسرائیل یا بھارت کے خلاف موقف اختیار نہیں کیا، اور نہ ہی شہداء، تعلیم یا صحت کے مسائل پر آواز بلند کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کی سرکاری مشینری وفاق کے خلاف استعمال نہیں ہو سکتی اور سرکاری وسائل اب صرف امن و امان کے لیے استعمال ہوں گے، فتنہ و فساد پھیلانے کے لیے نہیں۔
طلال چوہدری نے زور دیا کہ ہر شخص کو اپنے کیسز کا سامنا کرنا ہوگا اور ادارے آئین و قانون کے مطابق اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شعبدہ بازوں کو یہ واضح کر دیا جائے کہ قانون کی عملداری کیسے ہوتی ہے اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔






