35ویں نیشنل گیمز میں جیولن تھرو کے مقابلے ارشد ندیم کے نام رہے، جنہوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔ ارشد ندیم نے 81.81 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یاسر سلطان 70.7 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ ابرار علی نے 67.68 میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
نیشنل گیمز کے پانچویں روز مقابلے جاری ہیں اور مجموعی میڈلز ٹیبل پر دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی بدستور سبقت لیے ہوئے ہے۔ صوبائی اور محکماتی ٹیمیں ایونٹس میں برتری کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہیں جبکہ ایتھلیٹکس کے فائنل مقابلے بھی آج منعقد ہو رہے ہیں۔ ارشد ندیم جیولن تھرو میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کر رہے ہیں۔
چار روزہ مقابلوں میں پاکستان آرمی نے مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک بار پھر میڈلز کی دوڑ میں برتری برقرار رکھی ہے۔ سیلنگ ایونٹس میں پاکستان ایئر فورس نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے چار گولڈ اور ایک سلور میڈل اپنے نام کیے، جبکہ دو کیٹیگریز میں نیوی نے میدان مارا۔ ویمنز سیلنگ مقابلوں میں خیبر پختونخوا نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ویمنز نیٹ بال میں سندھ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد واپڈا کو 13 کے مقابلے میں 20 پوائنٹس سے شکست دے کر ایونٹ کا پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔






