لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے پارکنگ گیراج میں پیش آنے والے ہولناک واقعے نے مسافروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جہاں مرچ اسپرے کے حملے میں 3 سالہ بچے سمیت 21 افراد متاثر ہوئے۔ واقعے میں ایک خاتون سے اس کا سوٹ کیس بھی چھین لیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 31 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق اتوار کی صبح چار افراد نے لفٹ میں ایک خاتون کو نشانہ بنایا، اس کا سامان چھینا اور اس پر مرچ اسپرے جیسا کیمیکل پھینک دیا۔ لفٹ میں موجود دیگر مسافر بھی اس کا شکار ہوئے، جبکہ اردگرد کھڑے لوگ بھی متاثر ہوئے۔
پولیس کمانڈر پیٹر اسٹیونز نے بتایا کہ متاثرہ خاتون اور ملزمان ایک دوسرے کو جانتے تھے، اس لیے ابتدائی تحقیقات میں اسے دہشت گردی کا واقعہ نہیں سمجھا جا رہا۔ حکام کے مطابق دونوں فریقین کے مابین تنازع نے شدت اختیار کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور سیاہ لباس اور ڈھکے چہرے کے ساتھ آئے اور واردات کے فوراً بعد لفٹ سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر بھاری نفری تعینات کی۔
ایمبولینس عملے نے موقع پر متاثرین کو طبی امداد فراہم کی، جبکہ 5 افراد کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ خوش قسمتی سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں بتائی گئی۔
واقعے کے باعث کئی گھنٹوں تک ایئرپورٹ آپریشن متاثر رہا، تاہم اب پروازوں کی آمد و رفت معمول پر آ چکی ہے۔ پولیس دیگر ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔






