پی ٹی آئی والے کہیں کہ وہ عمران کے بیانیے کیساتھ نہیں تو ان سے بات ہوسکتی ہے: عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے کارکن یہ واضح کریں کہ وہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیانیے کے ساتھ نہیں ہیں تو ان سے بات چیت ممکن ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اگر اڈیالہ جیل آئیں تو انہیں واپس بھیج دیا جائے گا۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کو بھی پہلے ہی ناکے سے واپس کیا جائے گا اور اگر تحریک انصاف کے بانی کی بہنیں آئیں تو ان کی گرفتاری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اگر پی ٹی آئی والے کہیں کہ وہ عمران خان کے بیانیے کے ساتھ نہیں ہیں تو ان سے بات چیت کی جا سکتی ہے۔
دو روز قبل عطا تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کسی کو بھی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی اڈیالہ جیل کے باہر کسی کو اجتماع کرنے کی اجازت ہوگی۔






