شدید سردی کی لہر برقرار، ہلکی بارش اور برفباری کا امکان
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے لیے آئندہ 24 گھنٹوں کی تفصیلی موسمی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق صوبے کے اکثر اضلاع میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت سخت سردی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت شمال مغربی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور بلند علاقوں میں ہلکی برفباری متوقع ہے، جس سے پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق آج صبح کوئٹہ میں درجہ حرارت صفر ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات اور زیارت میں منفی 2 ڈگری، ژوب میں 3، سبی میں 9، تربت میں 14، نوکنڈی میں 9 اور چمن میں 4 ڈگری رہا۔
ساحلی علاقوں میں سردی نسبتاً کم رہی، جہاں گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 اور جیوانی میں 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید سردی کے پیش نظر گرم لباس کا استعمال یقینی بنائیں، خاص طور پر بچوں اور بزرگ افراد کو سردی سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔






