اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہے، اگر ایٹم نہ ہوتا جنگ کے حالات مختلف ہوتے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے، اور اگر پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو رواں سال جنگ کی صورتحال میں حالات یکسر مختلف ہوتے۔

گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پورے پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کا نعرہ گونجے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں پہلی بار تعمیراتی سیاست کا آغاز ہوا اور بطور وزیراعلیٰ و وزیراعظم اُن کے ترقیاتی منصوبوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گوجرانوالہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دیا گیا ماس ٹرانزٹ کا تحفہ پورے ضلع کی تقدیر بدل دے گا۔ اس منصوبے سے شہریوں کو بے پناہ سہولتیں ملیں گی، بچے وقت پر اسکول پہنچ سکیں گے، مزدور فیکٹریوں میں اور وکلا عدالتوں میں بروقت پہنچ سکیں گے۔ ان کے مطابق یہ سہولت تمام طبقات کو فائدہ دے گی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے لاہور میں دل کے امراض کا پہلا اسپتال قائم کیا اور عام آدمی کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا نواز شریف کا تاریخی کارنامہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کبھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل تھا لیکن اب اسموگ میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ شہباز شریف کے مطابق یہ ایسے کام ہیں جنہیں نہ کوئی جھٹلا سکتا ہے اور نہ ہی مخالفین انکار کر سکتے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button