اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

فوج پر تنقید کی مگر سرخ لکیر عبور نہیں کی، پی ٹی آئی سب کچھ سوشل میڈیا پر کنٹرول کرتی ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد:
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انہوں نے اور ان کی جماعت نے ماضی میں فوج پر تنقید ضرور کی لیکن کبھی بھی "سرخ لکیر عبور نہیں کی”۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری مہمات پی ٹی آئی کی مرضی سے چل رہی ہیں جبکہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے بعض عناصر طالبان کو بھتہ دیتے رہے ہیں۔

ایک بیان میں خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کی بہن کے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کو "تابوت میں آخری کیل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کیسے بات کریں گے جب ان کی اپنی پارٹی کے لوگ ہی ان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیرسٹر گوہر کو پارٹی میں کوئی اہمیت نہیں دیتا اور کارکن بھی ان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔

"پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مخالفت کرتی ہے”

وفاقی وزیر دفاع نے مزید الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کھلے عام دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مخالفت کرتی رہی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا بھی اس جنگ میں سنجیدہ کردار ادا نہیں کر رہے۔

"نواز شریف نے کبھی پاکستان کے وجود کے خلاف بات نہیں کی”

خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف نے بھارتی میڈیا کو متعدد انٹرویوز دیے لیکن کبھی پاکستان کے وجود یا سالمیت کے خلاف بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے کسی رہنما کے پاکستان مخالف بیان کی ایک بار بھی مذمت نہیں کی، جبکہ نواز شریف کو قید کیا گیا، تین بار اقتدار سے ہٹایا گیا، مگر انہوں نے کبھی سرخ لکیر پار نہیں کی۔

ماضی کی مثالیں: "پیپلز پارٹی نے بھی کبھی ریاستی حدود نہیں توڑیں”

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائد کو پھانسی دی گئی لیکن انہوں نے 9 مئی جیسا واقعہ نہیں کیا۔ محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا لیکن پیپلز پارٹی نے کبھی بھارت کی طرف ہاتھ نہیں بڑھایا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے سیاسی مشکلات کے باوجود کبھی ریاستی تنصیبات پر حملے یا 9 مئی جیسے اقدامات نہیں کیے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button