واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے میں نیشنل گارڈ کے ایک اہلکار کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار افغان شہری رحمان اللّٰہ لکنوال نے عدالت میں اپنے خلاف تمام الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
29 سالہ ملزم کو اسپتال میں زیرِ علاج ہونے کی وجہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران وہ شدید تکلیف کے باعث زیادہ تر وقت آنکھیں بند کیے رکھے رہا۔
جج رینی ریمنڈ نے ریمارکس دیے کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم اسلحہ لے کر طویل سفر طے کرکے ایک خاص مقصد کے ساتھ واشنگٹن پہنچا تھا۔
استغاثہ کے مطابق فائرنگ کے وقت ملزم نے مبینہ طور پر "اللہ اکبر” کا نعرہ لگایا تھا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور عدالت نے ملزم کو اگلی سماعت تک حراست میں رکھنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔






