اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

یکم جنوری سے مساجد کے آئمہ کرام کو اعزازیہ ادا کرنے کا حکم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کی مساجد کے آئمہ کرام کے اعزازیے کی ادائیگی یکم جنوری سے شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں "وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب” کی منظوری بھی دی گئی۔

مریم نواز نے ہدایت کی کہ پہلی مرتبہ اعزازیے کے احکامات یکم جنوری سے جاری ہوں گے، جبکہ یکم فروری سے ادائیگی اعزازیہ کارڈ کے ذریعے کی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر سے 62 ہزار 994 ائمہ کرام کے رجسٹریشن فارم موصول ہو چکے ہیں جن کی تصدیق جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عمل کو مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملکی مفاد کے خلاف سرگرمیوں یا اخلاقی و مالی جرائم میں ملوث آئمہ کا اعزازیہ فوراً بند کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں مسجد مینجمنٹ اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیوں کے قیام کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں سیف سٹی کیمروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ حساس علاقوں میں مسلسل کومبنگ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے فورتھ شیڈول میں شامل جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی بڑھانے اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رکھنے کے بھی احکامات جاری کیے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button