اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارت کے 5 جنگی طیارے اور ڈرون مار گرایا گیا — وزیر اطلاعات

اسلام آباد
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ نے دشمن کے پانچ جنگی طیارے اور ایک ڈرون تباہ کر دیا، جبکہ لائن آف کنٹرول پر متعدد بھارتی پوسٹوں کو بھی مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پاکستان نے نہ صرف فوری جواب دیا بلکہ دشمن کو ایسا زخم دیا جس کی گونج نئی دہلی تک سنی گئی۔

عطاء تارڑ نے بتایا کہ بھارت کو اس قدر نقصان پہنچا ہے کہ اب وہ سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے بھی اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے تباہ شدہ طیاروں کا ملبہ دکھایا، جو پاکستان کی دفاعی تیاری اور مؤثر حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پوری رات قومی سلامتی کی صورتحال کو خود مانیٹر کیا، جبکہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اہم اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس کے بعد باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

عطاء تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے دفاعی کارروائی کے دوران کسی بھارتی شہری کو نشانہ نہیں بنایا، بلکہ صرف دشمن کے جنگی اثاثوں کو تباہ کیا، جو کہ بین الاقوامی قوانین اور اخلاقی اصولوں کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج عالمی میڈیا کو مریدکے اور بہاولپور لے جایا جانا تھا تاکہ پاکستان کا شفاف اور حقیقت پر مبنی مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے گفتگو کے اختتام پر کہا:
"پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور جب قوم متحد ہو تو کوئی دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button