کابل/تہران: افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے کم از کم 10 افغان شہری ایرانی بارڈر گارڈز کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے مغربی صوبے فراہ کی سکیورٹی کمان کے ترجمان محمد نسیم بدری نے سرکاری ریڈیو کو بتایا کہ یہ افراد روزگار کی تلاش میں ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ افراد پیر کی رات شیخ ابو نصر فراحی سرحدی مقام کے ذریعے ایران میں داخل ہوئے تھے جہاں ایرانی گارڈز کی فائرنگ سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ بدری نے کہا کہ تمام ہلاک شدگان صوبہ فراہ کے رہائشی تھے اور غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی گروہ میں شامل دو افغان شہری تاحال لاپتا ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے اس واقعے پر اب تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایران اور افغانستان کی سرحد پر کشیدگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ ایک سال میں ایران نے سینکڑوں افغان مہاجرین کو زبردستی ملک سے واپس بھیجا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہیں۔






