ریاض: سعودی عرب نے فلسطینی خزانے کی مالی مدد کے لیے 90 ملین ڈالر کی نئی گرانٹ فراہم کر دی ہے۔ یہ رقم عمان میں سعودی سفارت خانے میں فلسطینی وزیرِ منصوبہ بندی و بین الاقوامی تعاون اسطفان سلامہ نے سعودی سفیر برائے اردن و ریاستِ فلسطین کے غیر مقیم کمشنر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان آل سعود سے ملاقات کے دوران وصول کی۔
سعودی عرب کی یہ مالی معاونت 2025 میں بھی فلسطینی اتھارٹی کی مسلسل حمایت کا حصہ ہے۔
فلسطینی نائب صدر حسین الشیخ نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں یہ گرانٹ فلسطینی مالی استحکام کو مضبوط کرے گی۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے سعودی عرب کے مستقل اور مضبوط مؤقف کو بھی سراہا۔
اردن میں سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد نے کہا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کے اپنے تاریخی مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ امداد فلسطینی حکومت کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مدد دے گی اور صحت، تعلیم سمیت اہم شعبوں میں عوام کے مسائل کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔






