برطانیہ میں آئندہ ہفتے شدید برفباری کا امکان، امریکا میں برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج
برطانیہ میں آئندہ ہفتے شدید سردی اور برفباری کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے مختلف علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران درجہ حرارت منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث ٹریفک اور روزمرہ معمولات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب امریکا کی کئی وسطی اور شمالی ریاستیں اس وقت شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں۔ مختلف علاقوں میں دو فٹ سے زائد برف نے گھروں، عمارتوں اور سڑکوں کو ڈھانپ لیا ہے۔ طوفانی ہواؤں اور لگاتار برفباری کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے ملک بھر میں ہزاروں پروازیں منسوخ جبکہ متعدد تاخیر کا شکار ہیں۔ شکاگو میں نومبر کے مہینے کے دوران برفباری کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا ہے، جس نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے برطانیہ اور امریکا کے شہریوں کو موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔






