پی ٹی آئی کا اگلے منگل اڈیالہ جیل کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے منگل کے روز اڈیالہ جیل کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔
یہ فیصلہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں مظاہرے کی حکمتِ عملی، انتظامات اور کارکنوں کی شرکت کے طریقہ کار پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے ہر ضلع، گاؤں اور یونین کونسل سے کارکنوں کو منگل کے روز اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت کی جائے گی، تاکہ ایک بڑے اور منظم احتجاج کو یقینی بنایا جا سکے۔
پارٹی قیادت کے مطابق یہ احتجاج سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات نہ ملنے کے ردعمل میں سامنے آ رہا ہے۔
وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ پارٹی وفد منگل کو ایک بار پھر عمران خان سے ملاقات کی کوشش کرے گا، لیکن اگر ملاقات کی اجازت نہ ملی تو پی ٹی آئی اپنا آئندہ لائحہ عمل وہیں اڈیالہ جیل کے باہر سے عوام کے سامنے پیش کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس احتجاج میں پی ٹی آئی کے تمام منتخب ارکانِ اسمبلی کی شرکت لازمی ہوگی، اور عدم موجودگی کی ذمہ داری متعلقہ رکن پر ہوگی۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ منگل کا یہ احتجاج اہم سیاسی پیش رفت ہو گا، جس کا مقصد عمران خان سے ملاقات میں درپیش رکاوٹوں کو اجاگر کرنا اور کارکنان کو مزید متحرک کرنا ہے۔






