ملک بھر میں سردی کی نئی لہر،محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں شدید سردی، گھنے دھند اور سموگ کی پیشگوئی کی ہے۔
تازہ موسمی صورتحال کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بالائی علاقوں، خصوصاً مری اور گلیات میں یخ بستہ ہواؤں اور شدید سردی کا راج برقرار رہے گا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، خانیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، کوٹ ادو اور بہاولپور میں گہری دھند اور سموگ چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شمالی اضلاع، گلگت بلتستان اور کشمیر میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم سخت سرد اور خشک رہے گا۔
پشاور، صوابی، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان اور اطراف کے چند علاقوں میں بھی دھند پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ موٹروے اور ہائی ویز پر سفر کے دوران فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں۔ بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو ٹھنڈ سے بچانے کے لیے خصوصی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔






