26 نومبر احتجاج کیس: علیمہ خان کو پولیس نے تحویل میں لے لیا
راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کو عارضی طور پر تحویل میں لے لیا۔ عدالت میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے کیس کی سماعت جاری تھی، جس دوران علیمہ خان پیش ہوئیں۔
سماعت کے دوران عدالت نے علیمہ خان کو عارضی پولیس تحویل میں لینے کا حکم دیا۔ علیمہ خان نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، اس لیے انہیں جانے کی اجازت دی جائے۔ تاہم، پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ کریمنل پروسیجر کی سیکشن 351 کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہیں اور ضمانت نہیں ہوئی، لہٰذا عدالت کی اجازت کے بغیر باہر نہیں جا سکتیں۔
عدالت کے احکامات پر خواتین پولیس اہلکاروں نے علیمہ خان کو عدالت سے باہر نکلنے پر فوری طور پر تحویل میں لے کر دوبارہ عدالت کے اندر پہنچا دیا۔ اس دوران علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک بھی عدالت میں پہنچ گئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ مقدمے کی سماعت تک علیمہ خان کمرہ عدالت میں رہیں۔






