برطانوی ہائی کمشنر کا برطانوی ویزا سے متعلق پاکستانیوں کو مشورہ
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے برطانیہ کا ویزا حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ای ویزا کو موجودہ پاسپورٹ کے ساتھ لازمی طور پر لنک کریں۔
ہائی کمشنر نے یہ ہدایت اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر دی، جہاں انہوں نے اپنی 15 جولائی کی ایک پرانی پوسٹ کو بھی دوبارہ نمایاں کیا۔
اس سابقہ پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ برطانیہ پاکستان میں ای ویزا کا نظام متعارف کرا رہا ہے، جو کہ چھ ماہ سے زائد مدت کے طلبہ اور کارکنان کے ویزا کے لیے ہوگا۔ ہائی کمشنر کے مطابق یہ نیا نظام سادہ، محفوظ اور مسافروں کے لیے سہولت فراہم کرنے والا ہوگا جس کی بدولت درخواست گزار اپنا پاسپورٹ اپنے پاس رکھ سکیں گے۔
آج کی پوسٹ میں انہوں نے اس نظام کا حوالہ دیتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ سفر سے قبل اپنا ای ویزا لازمی طور پر اپنے موجودہ پاسپورٹ سے منسلک کریں تاکہ ایئرپورٹ اور امیگریشن پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔






