پی ٹی آئی کا 26 نومبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے اسلام آباد میں احتجاج پر تشدد کو ایک سال گزرنے پر 26 نومبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت نے اپنے کارکنوں کو کسی بڑے احتجاج کے بجائے اضلاع کی سطح پر احتجاج کرنے کی ہدایت دی ہے۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی ریجنل تنظیمیں اپنے اپنے اضلاع میں احتجاج کریں گی۔ جنید اکبر نے یہ بھی کہا کہ ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی احتجاج کے دوران جاں بحق کارکنوں کی رہائش گاہوں پر جائیں گے اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے حیات آباد پشاور میں قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا جائے گا اور احتجاج بھی کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ اس دن کا مقصد کارکنوں کی قربانیوں کو یاد کرنا اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کو جاری رکھنا ہے۔






