غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ہے، کاروبار بالکل بھی نہیں ہے: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے انسدادِ دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک میں موجود معاشی اور عدالتی صورتحال پر روشنی ڈالی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں بہتری کے حالات پیدا کرنے کی ضرورت ہے، غربت، بے روزگاری اور مہنگائی بڑھ چکی ہے، اور کاروبار بالکل نہیں ہو رہا۔ انہوں نے اڈیالہ جیل جانے والوں کو ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے عدالتوں کی جانب سے دی گئی طویل سزاؤں پر بھی بات کی اور بتایا کہ ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو 40 سال کی سزا دی گئی ہے۔ شیخ رشید نے وضاحت کی کہ جن کیسز میں وہ عدالت میں پیش ہو رہے ہیں، ان کے وقت میں وہ پاکستان میں موجود نہیں تھے۔
اس موقع پر عدالت میں نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں شیخ رشید اور بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت بغیر کارروائی 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک نے کہا کہ وہ عدالت سے درخواست کریں گے کہ انہیں بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ کیس سے متعلق ہدایات لی جا سکیں۔






