لندن — برطانیہ کے دفتر برائے قومی شماریات (ONS) نے گزشتہ سال ملک چھوڑنے والے افراد کے تازہ اعدادوشمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق 2023–24 کے دوران 2 لاکھ 57 ہزار برطانوی شہری ملک چھوڑ کر بیرونِ ملک منتقل ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی نیٹ مائیگریشن گزشتہ برس توقعات سے 20 فیصد کم رہی۔ دسمبر 2024 تک نیٹ مائیگریشن کم ہو کر 34 ہزار 500 پر آگئی، جو پالیسی سازوں کے لیے ایک اہم اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
برطانوی شہریوں کی نیٹ مائیگریشن کا تخمینہ ماضی میں بین الاقوامی مسافروں کے سروے کی بنیاد پر لگایا جاتا تھا، تاہم نئے اور نظرثانی شدہ تخمینے ڈیپارٹمنٹ فار ورک اینڈ پینشن (DWP) کے ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کیے گئے ہیں، جو زیادہ جامع اور درست سمجھے جا رہے ہیں۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے برطانوی شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 43 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اس رجحان کو معاشی تبدیلیوں اور عالمی مارکیٹ کی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔






