سپریم کورٹ میں نئی جوڈیشل باڈیز کی تشکیل: جسٹس جمال خان مندوخیل شامل
اسلام آباد – 27ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل، جوڈیشل کمیشن اور پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، دونوں چیف جسٹس کی مشاورت سے جسٹس جمال خان مندوخیل سپریم کورٹ جوڈیشل کونسل کے رکن بن گئے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جسٹس عامر فاروق کو جوڈیشل کمیشن کا ممبر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ جسٹس جمال خان مندوخیل کو پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا ممبر نامزد کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ ہونگے، اور چیف جسٹس امین الدین خان کونسل کے دوسرے سینئر ممبر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
سپریم کورٹ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جسٹس منیب اختر، جسٹس حسن رضوی اور جسٹس جمال مندوخیل جوڈیشل کونسل کے ممبران ہوں گے، اور جسٹس جمال خان مندوخیل کی نامزدگی دونوں چیف جسٹس کی باہمی مشاورت سے کی گئی ہے۔
یہ اقدام عدلیہ کی کارکردگی اور شفافیت کو بڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، اور اس سے عدلیہ کے مختلف اداروں میں بہتر رابطہ اور انتظامی اصلاحات کی توقع کی جا رہی ہے۔






