جب بھی عمران خان اقتدار میں آئے، 26 ویں اور 27 ویں ترامیم واپس کریں گے، اسد قیصر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جب بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان دوبارہ اقتدار میں آئیں گے تو 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم واپس لی جائیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ اسمبلی کے پاس قانون سازی کا کوئی اخلاقی یا عوامی اختیار نہیں۔ ان کے مطابق قانون میں ترامیم اس انداز سے نہیں ہوتیں کہ ایک بار ترمیم کی جائے اور پھر فوری طور پر اسے بدل دیا جائے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ "ووٹ کو عزت دو” کی بات کرتے ہیں مگر خود اجلاسوں میں نہیں آتے، ’’لیکن کل وہ اچانک آگئے‘‘۔
اسد قیصر نے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کو استعفیٰ دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وکلا اور مزدور تنظیموں کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ ستائیسویں آئینی ترمیم پہلے ہی دو تہائی اکثریت سے منظور کر چکے ہیں۔ ترمیم پیش کیے جانے کے موقع پر اپوزیشن نے ایوان میں ڈیسک بجا کر احتجاج کیا، جبکہ شق وار منظوری کے دوران بھی نعرے بازی اور مخالفت جاری رہی۔






