بیجنگ (ویب ڈیسک): چین نے پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف اسلام آباد کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چین دہشتگردی کی ہر قسم کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اس کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
ترجمان نے کہا کہ “ہم پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ چین جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے چین اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے قریبی ہمسائے ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے تینوں ممالک کے درمیان رابطے انتہائی اہم ہیں۔
چینی وزارتِ خارجہ کے اس بیان کو ماہرین پاک–چین تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں سیکیورٹی چیلنجز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔






