اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گرد حملہ: تمام طلبا اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا

جنوبی وزیرستان کے وانا کیڈٹ کالج میں افغان خوارجیوں کے حملے کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت، جامع اور جرأت مندانہ کارروائی کے ذریعے مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق کالج کے اندر موجود تین خوارجیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ حملے کے وقت کیڈٹ کالج کے اندر موجود 525 کیڈٹس سمیت تقریباً 650 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔

سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ اندر موجود تینوں خوارجیوں کا تعلق افغانستان سے ہے، جو فون کے ذریعے بیرونِ ملک سے ہدایات لے رہے تھے۔ دہشت گرد ایک علیحدہ عمارت میں محصور ہیں جو کیڈٹس کی رہائش گاہوں سے کافی دور واقع ہے۔ عمارت کی کلیئرنس انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ کی جا رہی ہے تاکہ طلبہ کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

واضح رہے کہ 10 نومبر کو افغان خوارجیوں نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی سے خودکش دھماکا کیا جس سے مرکزی دروازہ منہدم اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ پاک فوج کے جوانوں نے فوری ردِ عمل دیتے ہوئے دو خوارجیوں کو موقع پر ہی جہنم واصل کر دیا تھا۔

تازہ اطلاعات کے مطابق، آپریشن اب اپنے جامع اور حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آخری خوارج کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ “معصوم قبائلی بچوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے، نہ قبائل سے، نہ ہی پاکستان کی خوشحالی سے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔”

دوسری جانب، تمام کیڈٹس اور اساتذہ کے حوصلے بلند ہیں اور انہوں نے پاک فوج کی بروقت کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ایک کیڈٹ نے کہا، “یہ کالج ہمیں تعلیم، امن اور ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ دہشت گرد چاہتے ہیں کہ وزیرستان کے بچے تعلیم سے محروم رہیں، مگر آج وہ پھر ناکام ہوئے ہیں، اور ہمیشہ ناکام رہیں گے۔”

واضح رہے کہ واقعے کی اندرونی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آگئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح بارود سے بھری گاڑی کو مرکزی گیٹ سے ٹکرایا گیا۔

وانا کیڈٹ کالج پر حملہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور عزم کے سامنے مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے، اور فورسز نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button