واشنگٹن: امریکی تاریخ کا طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے، امریکی سینیٹ نے حکومت کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے سالانہ اخراجاتی بل کی منظوری دے دی۔
امریکی میڈیا کے مطابق، 41 روز تک جاری رہنے والے شٹ ڈاؤن کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ سینیٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں 60 ارکان نے بل کے حق میں اور 40 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی کے 8 ارکان نے بھی بل کی حمایت کی۔
تاہم رپورٹ کے مطابق، بل کو نافذ العمل ہونے کے لیے ابھی ایوانِ نمائندگان (House of Representatives) سے منظوری درکار ہے، جہاں ری پبلکن پارٹی کی اکثریت ہے۔
ذرائع کے مطابق، طویل شٹ ڈاؤن کے باعث لاکھوں سرکاری ملازمین بغیر تنخواہ کے کام کرنے پر مجبور تھے، خوراک کی امداد معطل تھی اور ملکی فضائی نظام شدید متاثر ہوا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایوانِ نمائندگان سے بھی بل منظور ہوگیا تو حکومت دوبارہ فعال ہو جائے گی، جس سے امریکی معیشت اور عوامی خدمات میں معمول بحال ہونے کی توقع ہے۔






